Friday, 24 November 2017

Shumail e Nabvi 8 شمائل نبوی حضور اکرم ﷺ کی نشست🌷

# شمائل نبوی # 

🌷 حضور اکرم ﷺ کی نشست🌷
                (آٹھویں قسط)

🌹 حضرت قیلہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے حضور اکرم ﷺ کو مسجد (میں کچھ ایسی عاجزانہ صورت) میں گوٹ مارے بیٹھے دیکھا کہ میں رعب کی وجہ سے کانپنے لگی۔
🌴 اس طرح بیٹھنے کو عربی میں قرفصاء ، حبوة اور اردو میں اکڑوں بیٹھنا ، گوٹ مارنا کہتے ہیں۔

🌴 بعض روایات میں احتباء کا لفظ  بھی آیا ہے ، "قرفصاء" اور "احتباء" میں فرق یہ ہے کہ قرفصاء میں پنڈلیوں کو ہاتھ سے باندھا جاتا ہے اور احتباء میں پیٹھ اور پنڈلیوں کو کپڑے سے باندھا جاتا ہے

🌹 حضرت عبداللہ بن زید رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے حضور اکرم ﷺ کو مسجد میں چت لیٹے ہوئے دیکھا، اس وقت حضور اکرم ﷺ اپنے ایک پاؤں کو دوسرے پاؤں پر رکھے ہوئے تھے۔

🌷 حضور اکرم ﷺ کا تکیہ لگانا🌷
🌹 جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے حضور اکرم ﷺ کو ایک تکیہ پر ٹیک لگائے ہوئے دیکھا جو بائیں جانب رکھا ہوا تھا۔

🌴آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ میں تو ٹیک لگا کر کھانا نہیں کھاتا۔

🌴 ٹیک لگانے کی چار صورتیں🌴
1- دائیں یا بائیں پہلو کو دیوار یا تکیہ سے لگانا۔
2- ہتھیلی سے زمین پر سہارا لینا۔
3- چار زانو ہو کر کسی گدی پر بیٹھنا۔
4- کمر کو گاؤ تکیہ یا دیوار سے لگانا۔

🌴 ٹیک لگا کر کھانے کی ممانعت اس وجہ سے ہے کہ اس حالت میں آدمی بے فکر ہوجاتا ہے جو کہ شرعی اور طبی اعتبار سے ناپسندیدہ ہے اور دوسرا یہ تواضع کے خلاف بھی ہے۔

🌴 تکیہ نبوی کی مختلف کیفیات🌴 
آپ ﷺ کے مختلف تکیے تھے:
1- بالوں والا تکیہ جس کا بھراؤ کھجور کی چھال تھی۔
2- چمڑے کا تکیہ جس کا بھراؤ کھجور کی چھال تھی۔
3- چمڑے کا تکیہ جس کا بھراؤ گھاس اذخیر سے تھا۔

🌴 تکیہ کے علاوہ کسی اور چیز پر سہارا لینا🌴

🌹 حضور اکرم ﷺ کی طبیعت ناساز تھی اس لئے حجرہ شریف سے حضرت اسامہ رضی اللہ عنہ پر سہارا کئے ہوئے تشریف لائے اور صحابہ کو نماز پڑھائی، حضور اکرم ﷺ اس وقت ایک یمنی منقش چادر لئے ہوئے تھے۔

🌹فضل بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما فرماتے ہیں کہ میں حضور اکرم ﷺ کی خدمت میں آپ ﷺ کے مرض الوفات کی حالت میں حاضر ہوا، حضور اکرم ﷺ کے سر مبارک پر اس وقت زرد پٹی بندھی ہوئی تھی، میں نے سلام کیا حضور اکرم ﷺ نے جواب کے بعد ارشاد فرمایا کہ اے فضل! اس پٹی سے میرے سر کو خوب زور سے باندھ دو، پس میں نے تعمیل ارشاد کی، پھر حضور اکرم ﷺ بیٹھے اور میرے مونڈھے پر ٹیک لگا کر کھڑے ہوئے اور مسجد کو تشریف لے گئے۔

ناشر: دارالریان للنشر کراتشی

No comments:

Post a Comment

قبر پر ہاتھ رکھ کر دعا

• *قبر پر ہاتھ رکھ کر دعا* • ایک پوسٹ گردش میں ھے: کہ حضرت عبدﷲ ابن مسعودؓ سے مروی ھے کہ جو بندہ قبرستان جائے اور قبر پر ہاتھ رکھ کر یہ دع...