Monday, 11 December 2017

لباس کے متعلق چند بنیادی مسائل

لباس کے متعلق چند بنیادی مسائل 

مرد کا ستر جس کو ہر حالت میں چھپانا فرض ہے ، ناف سے گھٹنوں کے نیچے تک ہے ، اس حصہٴ بدن میں سے کوئی عضو حالتِ نماز میں کھل جائے تو نماز فساد ہو جاتی ہے او رعام حالت میں کھل جائے تو گناہ ہو گا۔ (معارف القرآن، ج3، ص:544)

عورت کا تمام بدن ستر ہے ، البتہ چہرہ، دونوں ہتھیلیاں اور دونوں قدم ستر سے مستثنیٰ ہیں، یعنی حالت نماز میں یا عام حالت میں ضرورت سے ان کو کھول دیا جائے تو نماز درست ہو گی اور کوئی گناہ بھی نہیں ہو گا۔ لیکن یہ مطلب نہیں کہ چہرہ وغیرہ کھول کر عورت غیر محرموں کے سامنے بے روک ٹوک نکلے، اس کی قطعاً اجازت نہیں ہے۔ (فتاوی دارالعلوم، ج6، ص:186)

حدیث شریف میں آیا ہے کہ جس گھر میں عورت ننگے سر ہو اُس گھر میں نیکی اور فرشتے نہیں آتے۔ (معارف القرآن، ج3، ص:544)

ایسا لباس زیب تن کرکے نماز پڑھنا مکروہ ہے جسے پہن کر انسان اپنے دوستوں اور عوام کے سامنے جانے میں عار اور شرم محسوس کرتا ہو، جیسے صرف بنیان پہن کر نماز پڑھنا۔ ( معارف القرآن، ج3، ص:544)

نماز میں پردہ اور ستر پوشی کے علاوہ زینت اختیار کرنے کا بھی حکم ہے، پس ننگے سر نماز پڑھنا، مونڈھے یا کہنیاں کھول کر نماز پڑھنا مکرو ہ ہے ۔ ( معارف القرآن، ج3، ص:544)

کوٹ پتلون پہن کر اگرچہ نماز ہوجاتی ہے ، مگر تشبہ بالکفار کی وجہ سے ان کا پہننا مکروہ وممنوع ہے۔ ( فتاوی دارالعلوم، ج16 ،ص:154)

جس علاقہ میں جس لباس کا رواج ہو عورتوں کو اس کے پہننے میں کوئی شرعی ممانعت نہیں ہے ، التہ کوئی بھی لباس ہو یہ ضروری ہے کہ کشف عورت اس میں نہ ہو اور عورتوں کے لیے افضل وہ لباس ہے جس میں ستر (پردہ) زیادہ ہو، جیسے کرتا، پاجامہ اور اوڑھنی۔ ( فتاوی دارالعلوم، ج16، ص:158)

سر پر ٹوپی کی جگہ کوئی چھوٹا سا رومال یا کپڑا باندھ کر نماز پڑھنا مکروہ اور بے ادبی ہے۔ ( معارف القرآن ، ج3، ص:544)

جس لباس میں واجب الستر اعضا کا حجم او ربناوٹ نظر آتی ہو، مرد او رعورت دونوں کے لیے حرام ہے اور اس کی طرف دیکھنا بھی حرام ہے اورمروجہ لباس میں اس قباحت کے علاوہ کفار کے ساتھ مشابہت بھی ہے ، اس لیے جائز نہیں۔ (احسن الفتاویٰ، ج8، ص:82، کتاب الحظر والإباحة)

No comments:

Post a Comment

قبر پر ہاتھ رکھ کر دعا

• *قبر پر ہاتھ رکھ کر دعا* • ایک پوسٹ گردش میں ھے: کہ حضرت عبدﷲ ابن مسعودؓ سے مروی ھے کہ جو بندہ قبرستان جائے اور قبر پر ہاتھ رکھ کر یہ دع...