# شمائل نبوی #
🌷 حضور اکرم ﷺ کا پیالہ اور مشروبات🌷
( دسویں قسط )
🌹 حضرت انس رضی اللہ عنہ نے ایک لکڑی کا پیالہ نکال کر دکھایا جس میں لوہے کے پترے لگ رہے تھے ، آپ نے فرمایا کہ یہ حضور اکرم ﷺ کا پیالہ ہے ، کہا جاتا ہے کہ ان کے صاحبزادے حضرت نضر بن انس رحمہ اللہ کی میراث سے یہ پیالہ آٹھ لاکھ درہم میں فروخت ہوا تھا، امام بخاری رحمہ اللہ نے بصرہ میں اس پیالہ سے پانی بھی پیا لوگ کہتے ہیں کہ وہ اور پیالہ تھا۔
حضرت انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے حضور اکرم ﷺ کو اس پیالہ سے پینے کی سب انواع پانی، نبیذ، شہداور دودھ سب چیزیں پلائی ہیں ۔
🌴 پیالوں کی تفصیل 🌴
حضور اکرم ﷺ کے استعمال میں مختلف پیالے رہے جن کی تفصیل یہ ہے :
1- لکڑی کا پیالہ : یہی پیالہ وہ ہے جس کا اوپر روایت میں ذکر آیا۔
2- شیشہ کا پیالہ : پانی پینے کے لئے استعمال فرمایا۔
3- تانبے کا پیالہ : وضو کرنے اور پانی پینے کے لئے استعمال فرمایا۔
4- مٹی کا پیالہ : شوربا دار گوشت نوش فرمانے اور پانی پینے کے لئے استعمال فرمایا۔
5- بڑا پیالہ : یہ اتنا بڑا تھا کہ اس کو چار آدمی اٹھاتے تھے۔
ان کے علاوہ کچھ پیالوں کے نام یہ ہیں :
رمال ؛ مغیث ؛ قمر ؛ ریان اور مخضب (پتھر کا تسلا)
عام طور پر آپ ﷺ لکڑی کا پیالہ استعمال فرماتے تھے۔
🌴 حضور اکرم ﷺ کے مشروبات 🌴
🌹 حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ حضور اکرم ﷺ کو پینے کی سب چیزوں میں میٹھی اور ٹھنڈی چیز مرغوب تھی۔
🌴 آپ ﷺ کے لئے ٹھنڈا پانی مدینہ منورہ سے دو منزل یعنی 36 میل کی مسافت پر واقع مقام سقیا سے لایا جاتا تھا۔
🌹حضور اکرم ﷺ نے زمزم کا پانی کھڑے ہونے کی حالت میں نوش فرمایا۔
🌴 آپ ﷺ پانی پینے میں تین سانس لیا کرتے تھے اور یہ فرماتے تھے کہ اس طریقہ سے پینا زیادہ خوشگوار اور خوب سیراب کرنے والا ہے، ایک روایت میں ہے کہ جب پانی نوش فرماتے دو دفعہ سانس لیتے تھے۔
🌴 آپ ﷺ کے مشروبات فطری اور قدرتی تھے ، مصنوعی مشروبات آپ ﷺ کے زمانے میں نہ تھے :
🌴 آپ ﷺ کے مشروبات میں *شہد ، شہد ملا پانی ، دودھ ، دودھ ملا پانی ، رات کا باسی ٹھنڈا پانی ، نقیع اور نبیذ تھے۔*
🌴 "نقیع" بنانے کی صورت یہ ہے کہ انگور یا کھجوروں کو پانی میں محض بھگو دیا جائے، اس کو جوش نہ دیا جائے، اس طرح انگور یا کھجوروں کی مٹھاس اس پانی میں آجاتی ہے اور ایک عمدہ قسم کا شربت بن جاتا ہے اور یہ شربت بہت مزیدار بھی ہوتا ہے اور بدن کو فائدہ بھی پہنچاتا ہے، چنانچہ خرما کا نقیع معدہ کے نظام کو درست کرتا ہے اور کھانے کو جلد ہضم کرتا ہے جب کہ انگور کی نقیع جسم کی زائد حرارت کو دفع کرنے کی خاصیت رکھتا ہے۔
🌴 "نبیذ" بھی اسی طرح بنتا ہے مگر کچھ فرق ہے کہ نبیذ کی صورت میں انگور یا کھجوروں کو پانی میں بھگوکر کچھ دن تک کے لئے چھوڑ دیا جاتا ہے تاکہ اس میں کچھ ہلکی سی تیزی اور تغیر پیدا ہو جائے، لیکن اتنی تیزی یا اتنا زیادہ تغیر نہ ہو جو نشہ آور ہو جانے کی حد تک پہنچ جائے کیونکہ جس نبیذ میں نشہ پیدا ہو جاتا ہے، اس کا پینا قطعا حرام ہے، نبیذ بھی ایک فائدہ مند مشروب ہے یہ جسم کی طاقت و قوت میں اضافہ کرتا ہے اور عام صحت کی محافظت کرتا ہے ۔
واضح رہے کہ نبیذ انگور اور کھجور کے علاوہ دوسری چیزوں مثلا شہد، گیہوں اور جو وغیرہ سے بھی بنتی ہے۔(مظاہر حق)
ناشر : دارالریان للنشر کراتشی
No comments:
Post a Comment