Monday 25 December 2017

مرد کا مسنون کفن اور کفنانے کا طریقہ*🌷

🌷 *مرد کا مسنون کفن اور کفنانے کا طریقہ*🌷

سوال: آپ نے پہلے عورتوں کا مسنون کفن اور کفنانے کا طریقہ بتایا تھا۔ پلیز مردوں کا مسنون کفن اور کفنانے کا طریقہ بھی اسی طرح تفصیل سے بتا دیجیے۔


 *الجواب حامداً و مصلیاً* 


مرد کے کفن کے لیے مسنون کپڑے 3 ہیں: 

(1)....ازار۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔سر سے پاؤں تک 

(2)....لفافہ (اسے چادر بھی کہتے ہیں)۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ازار سے لمبائی میں 4گرہ زیادہ 

(3)....کرتہ، بغیر آستین اور بغیر کلی کا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔گردن سے پاؤں تک (اسے قمیص یا کفنی بھی کہتے ہیں)


 *کفنانے کا بیان* 

جب میّت کو غسل دے چکیں تو چارپائی بچھا کر کفن کو تین مرتبہ، پانچ مرتبہ یا سات مرتبہ لوبان وغیرہ کی دھونی دیں، پھر کفن کو چارپائی پر بچھا کر میّت کو اس پر لٹا دیں، اور ناک، کان، منہ سے روئی جو غسل کے وقت رکھی گئی تھی نکال دیں۔ کفن بچھانے اور میّت کو اس میں کفنانے کا طریقہ مرد و عورت کے لیے کچھ مختلف ہے، یہاں مرد کو کفنانے کی تفصیل لکھی جاتی ہے:


 *مرد کو کفنانے کا طریقہ* 

مرد کو کفنانے کا طریقہ یہ ہے کہ چارپائی پر پہلے لفافہ بچھا کر اس پر ازار بچھا دیں، پھر کرتہ (قمیص) کا نچلا نصف حصہ بچھائیں اور اوپر کا باقی حصہ سمیٹ کر سرہانے کی طرف رکھ دیں، پھر میّت کو غسل کے تختے سے آہستگی سے اٹھا کر اس بچھے ہوئے کفن پر لِٹا دیں اور قمیص کا جو نصف حصہ سرہانے کی طرف رکھا تھا، اُس کو سر کی طرف الٹ دیں کہ قمیص کا سوراخ (گریبان) گلے میں آ جائے اور پیروں کی طرف بڑھا دیں۔ جب اس طرح قمیص پہنچا چکیں تو غسل کے بعد جو تہبند میّت کے بدن پر ڈالا گیا تھا وہ نکال دیں، اور اس کے سَر اور داڑھی پر عطر وغیرہ کوئی خوشبو لگا دیں۔ 
یاد رہے کہ مرد کو زعفران نہیں لگانی چاہیے، پھر پیشانی، ناک، دونوں ہتھیلیوں، دونوں گھٹنوں اور دونوں پاؤں پر (کہ جن اعضاء پر آدمی سجدہ کرتا ہے) کافور مَل دیں۔ 

اس کے بعد ازار کا بایاں پلّہ (کنارہ) میّت کے اوپر لپیٹ دیں، پھر دایاں لپیٹیں، یعنی بایاں پلّہ نیچے رہے اور دایاں اوپر، پھر لفافہ اسی طرح لپیٹیں کہ بایاں پلّہ نیچے اور دایاں اوپر رہے، پھر کپڑے کی دھجی (کتر) لے کر کفن کو سر اور پاؤں کی طرف سے باندھ دیں، اور بیچ میں سے کمر کے نیچے کو بھی ایک دھجی (کتر) نکال کر باندھ دیں، تاکہ ہوا یا ہلنے جلنے سے کھل نہ جائے۔    (شامی، بہشتی زیور، مسافر آخرت)



(احکامِ میت، 47، 53، مکتبۃ الحسن لاہور)


واللہ اعلم بالصواب! 

کتبہ ✍🏻راشد محمود عُفِیٙ عٙنْہ

No comments:

Post a Comment

قبر پر ہاتھ رکھ کر دعا

• *قبر پر ہاتھ رکھ کر دعا* • ایک پوسٹ گردش میں ھے: کہ حضرت عبدﷲ ابن مسعودؓ سے مروی ھے کہ جو بندہ قبرستان جائے اور قبر پر ہاتھ رکھ کر یہ دع...